اردو میں حروف ابجد کا بیان۔

1 Answer

  1. تمام حروف تہجی کے اعداد ہیں ، جنھیں نکالنے کے عمل کو حسابِ ابجد یا حساب جُمَل ( عربی میں جُمَّل ) کہاجاتاہے ، مثلاً: پیارے آقا و مولا فداہ روحی وجسدی صلی اللہ علیہ وسلم کا نامِ پاک محمد ہے ، میم کے 40 عدد ، ح کے 8 ، میم کے 40 اور دال کے 4 عدد ہیں ، ان کامجموعہ 92 ہے –

    اسی طرح بسم اللہ الرحمن الرحیم میں موجود حروف کے اعداد کو جمع کیاجائے تو مجموعہ 786 نکلتا ہے جوکہ بسم اللہ شریف کےعددہیں ؛ اِسے ہی حساب جُمَل کہاجاتاہے –

    ☀️ تمام حُروفِ تہجی کے اَعْداد یہ ہیں :
    الف 1، ب 2 ، ج 3 ، د4 ، ہ5 ، و6 ، ز 7 ، ح 8 ، ط9 ، ی10 ، ک20 ، ل30 ، م40 ، ن50 ، س60 ، ع70 ، ف80 ، ص90 ، ق 100 ، ر200 ، ش300 ، ت400 ، ث500 ، خ600 ، ذ700 ، ض800 ، ظ900 ، غ1000-
    اس ترتیب کو بہ آسانی یاد رکھنے کے لیے مندرجہ ذیل آٹھ مہمل الفاظ بھی بنائے گئے ہیں :
    1: ابجد (اَبْ جَ دْ )
    2: ہوز (ہَ وَّ زْ )
    3: حُطّی (حُ طِّ ی ْ )
    4: کلمن ، (کَ لِ مَ نْ )
    5: سعفص ( سَ عْ فَ صْ)
    6: قرشت( قَ رْ شَ تْ )
    7: ثخذ( ثَ خَّ ذ ْ)
    8: ضظغ (ضَ ظَّ غْ )

    یہ اعداد عربی کے اٹھائیس حروف کے ہیں ، ان میں ہمزہ(ء) شامل نہیں کیوں کہ ہمزہ کا کوئی عددنہیں۔
    اِن اٹھائیس حُروف کے علاوہ فارسی اور اُردوکے جو اضافی حروف ہیں وہ اُن عربی حروف کے برابرہیں جن سے وہ بنائے گئے ہیں ، مثلاً فارسی حروف: پ ، چ ، ژ ، گ ، بالترتیب : ب ، ج ، ز ، ک کے برابر ہیں اور اُردو حروف : ٹ ، ڈ ، ڑبالترتیب :ت ، د ، ر کے برابر ہیں۔

    ☀️ ہمزہ کا عدد شمار نہیں کیاجاتالیکن جس حرفِ علت پر ہمزہ ہو اسے شمار کیاجاتا ہے ،مثلاً: آئینہ میں جو ی ہے اسے شمارکیاجائے گا ہمزہ کو نہیں –
    ☀️ مد کا کوئی عددنہیں ، مثلا: آم کے 41 عدد ہوں گے ایک الف مدہ کا اور چالیس میم کے ، بعض بزرگ مد والے حرف کو دوبار گنتے ہیں یہ درست نہیں –
    ☀️ کھڑےزبر کو اعدادمیں شمار نہیں کیاجاتا ، مثلاً : اسحٰق پر کھڑازبر ہے اِسے شمار نہیں کیاجائے گا مگر جب اسے اسحاق( الف کے ساتھ )لکھیں گے تو پھر الف شمارہو گا-
    اسی طرح کھڑے زیر ، الٹے پیش اورتنوین کا بھی کوئی عدد نہیں –
    اَعداد کواچھی طرح حفظ کرلیجیے تاکہ بہ وقت ضرورت کہیں سے دیکھنے نہ پڑیں –
    اِنھیں یادرکھنے کاایک آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ ان کامجموعہ ، یہ آٹھ کلمے یاد کرلیں :
    أبجد هوز حطي كلمن سعفص قرشت ثخذ ضظغ
    اب یوں یاد رکھیں کہ ابجدکے الف کاایک عددہے ، اس کے بعدحطی کی ی تک ہرحرف پر ایک عددکااضافہ ہوتاجائے گا ، یعنی ابجدکے الف سے لے کر حطی کی ی تک دس حروف ہیں تو ان کے عدد 10تک جائیں گے ، پھر آگے کلمن کے کاف سے دس دس عدد کااضافہ کریں گے ، حتی کہ قرشت کے قاف تک سو عددبن جائیں گے ، پھر قرشت کی رے پر مزید سوکااضافہ کریں گے یعنی رے کے عدد200سے شروع کریں گے حتی کہ ضظغ کے غین تک 1000 پورے ہوجائیں گیں۔
    دعا گو ۔ حافظ زاہد محمود۔ عبدالقدوس قاسمی

    • 0